پہلی COAS نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد جولائی میں ہوگا
لاہور: پہلی چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 14 تا 23 جولائی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئن آصف باجوہ نے پی ایچ ایف ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا قومی مرحلہ 14 تا 23 جولائی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہے گا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری لیفٹننٹ کرنل (ر) آصف نواز کھوکھر،اولمپئن ریحان بٹ اور اولمپئن محمد ثقلین بھی موجود تھے۔
چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کے حوالے سے سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئن آصف باجوہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک کی ٹاپ دس ہاکی کلبز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ لیول پرملک کے تمام کلبز نے حصہ لیا۔ دوسرے مرحلے میں تمام ڈسٹرکٹس کے فاتح کلبز نے ڈویژنل چیمپئن شپ میں حصہ لیا جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام ڈویژنز کی چیمپئن کلبز صوبائی کلب چیمپئن شپ کا حصہ بنیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے 27 جون سے شروع ہوں گے جبکہ صوبائی چیمپئن شپ کے دس کلبز کی ٹیمیں قومی کلب چیمپئن شپ میں حصہ لیں گی۔
اولمپئن آصف باجوہ نے کہا کہ قومی کلب چیمپئن شپ میں پنجاب کی چار، خیبرپختونخوا اور سندھ کی دو دو ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت کی ایک ایک ٹیم چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گی۔
اولمپئن کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں بیک وقت انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کروائی گئی جس میں 728 ہاکی کلبز نے حصہ لیا۔ پہلا مرحلہ 15 سے 25 مئی تک تمام ڈسٹرکٹس تک کھیلا گیا،چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ کا قومی مرحلہ 14 سے 23 جولائی تک نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فائنل میچ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہوں گے۔
آصف باجوہ نے کہا کہ آرمی ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پی ایچ ایف کو کہا گیا ہے کہ اس چیمپئن شپ کو سالانہ کلینڈر میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آرمی چیف اور پوری پاک آرمی کے شکر گزار ہیں۔ فیصل آباد سے ایک چھوٹے سے گاؤں کے 252 ہاکی کلب کی ٹیم جیت کر آئی ہے۔