اقوام متحدہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں برس نومبر 2022 تک دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچ جائے گی۔
اقوام متحدہ نے پیش گوئی کی ہے کہ نومبر 2022 تک تقریباً آٹھ ارب لوگ کرہ ارض پر آباد ہوں گے اور توقع ہے کہ صدی کے اختتام تک یہ تعداد 10 ارب سے بھی تجاوز کرجائے گی۔
عالمی آبادی 1950 کے بعد اپنی سب سے سست رفتار سے بڑھ رہی ہے جو 2020 میں ایک فیصد سے کم ہو گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے تازہ ترین تخمینے بتاتے ہیں کہ دنیا کی آبادی 2030 میں 8 ارب 50 کروڑ اور 2050 میں 9 ارب 70 کروڑ تک بڑھ سکتی ہے۔
2080 کی دہائی کے دوران آبادی لگ بھگ 10 ارب 40 کروڑ افراد تک پہنچ سکتی ہے جو 2100 تک اسی سطح پر رہنے کا امکان ہے۔
Advertisement
ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس 2022 کے مطابق حالیہ دہائیوں میں بہت سے ممالک میں شرح پیدائش میں نمایاں کمی آئی ہے۔موجودہ دور میں عالمی آبادی کا دو تہائی حصہ ایسے ملک یا علاقے میں رہتا ہے جہاں فی خاتون کے ہاں شرح پیدائش 2.1 سے کم ہے۔
اس وجہ کی بناء پر 2022 سے 2050 کے درمیان 61 ممالک یا علاقوں کی آبادی میں ایک فیصد یا اس سے زیادہ کمی متوقع ہے۔
2050 تک عالمی آبادی میں متوقع اضافے کا نصف سے زیادہ آٹھ ممالک میں ہو گا جن میں کانگو، مصر، ایتھوپیا، بھارت، نائیجیریا، پاکستان، فلپائن اور تنزانیہ شامل ہیں۔
ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس 2022 کے مطابق بھارت آئندہ برس چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔