جائٹیکس 2022دبئی میں پاکستان کی 53 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں
نمائش 10 سے 14 اکتوبر 2022 تک جاری رہے گی۔
دبئی(اردوویکلی)::اس سال پاکستان جائیٹیکس22 دبئی میں 53 کمپنیوں کے ساتھ حصہ لے رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) بلاک چین، میٹاورس، ایگریٹیک، ایڈٹیک،وغیرہ کے شعبوں میں کام کرنے والی یہ کمپنیاں بے پناہ ٹیلنٹ، تخلیقی صلاحیتوں اور مہارت کی ایک مثال ہیں۔ جائٹیکس دبئی پاکستانی پویلین کاافتتاح وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن،پاکستان سید امین الحق نے کیا ۔افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ جائٹیکس 22دبئی میں پاکستان کی صف اول کی آئی ٹی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں ۔گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات دوگنی ہو گئی ہیں۔ پاکستان کی آئی سی ٹی کی برآمدی ترسیلات بشمول ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز میں مالی سال 2019-20 کے مقابلے میں مالی سال 2020-21 میں 47.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2021 میں پاکستانی اسٹارٹ اپس نے ریکارڈ سرمایہ کاری کی جو 2020 میں کی گئی سرمایہ کاری سے 450 فیصد زیادہ تھی۔پاکستان آئی سی ٹی خدمات کے لیے ایک معروف آف شور منزل ہے جہاں پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں دنیا کے 120 سے زیادہ ممالک میں عالمی اداروں کو خدمات فراہم کرتی ہیں۔ کیرنی کے گلوبل سروس لوکیشن انڈیکس 2021 کے مطابق، پاکستان کو آف شور آؤٹ سورسنگ سروسز کے لیے دنیا میں مالی لحاظ سے دوسرا پرکشش مقام قرار دیا گیا ہے۔ آئی ایل او کی فلیگ شپ رپورٹ 2021 کے مطابق پاکستان سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی میں آن لائن لیبر کا دوسرا بڑا سپلائر ہے۔
اس تقریب کو سراہتے ہوئے جہاں 90 ممالک شرکت کر رہے ہیں، سید امین الحق نے کہا کہ جائٹیکس 22 پاکستانی نمائش کنندگان کو صنعت کے اہم کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت اور نیٹ ورک کرنے، کاروباری مواقع تلاش کرنے اور دنیا بھر میں ہونے والی اہم پیش رفتوں کو جاننے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔