ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
سابق بھارتی کپتان اور بلے باز ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 1 ہزار بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انجام دیا ہے۔
MILESTONE ALERT
Advertisement
Virat Kohli becomes the second player to get to 1000 runs in the Men’s #T20WorldCup pic.twitter.com/IcijlHoqWH
— ICC (@ICC) October 30, 2022
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 12 رنز اسکور کیے جس کے بعد ان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 1 ہزار رنز مکمل ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس فہرست میں پہلا نمبر سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردن کا ہے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 1 ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
تاہم ویرات کوہلی کو ان کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 28 رنز درکار ہیں جب کہ ویرات کوہلی پہلی ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی فارم کو بحال کرتے ہوئے ابتدائی دو میچز میں بیک ٹو بیک دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں 82 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی جب کہ نیدر لینڈز کے خلاف بھی ویرات کوہلی نے 62 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
علاوہ ازیں ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں، انہوں نے 3 ہزار 868 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 36 نصف سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔