*وزیراعظم محمدشہبازشریف سے یو اے ای کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی ووزیرصنعت وٹیکنالوجی کی ملاقات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کوپ-28 کے نامزد صدر و متحدہ عرب امارات کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جناب ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، وزیر صنعت و ٹیکنالوجی اور چیئرمین مصدر نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ڈاکٹر سلطان الجابر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور کوپ28 کے نامزد صدر کے طور پر ان کی تقرری پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اہم عالمی کانفرنس کے ڈاکٹرسلطان احمدالجابر کی ذمہ داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس سال دبئی میں 30 نومبر سے 12 دسمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کی کامیابی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کوپ 28 کے لیے متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی اہم حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا جو آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے تک پہنچنے میں اہم رہا ہے۔
وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں بھی بتایا جس کا مقصد مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے 10,000 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائیں جن کے لیے دبئی میں پہلے ہی روڈ شو کا انعقاد کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر سلطان الجابر نے یو اے ای کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات پر زور دیا جس سے پاکستان کے لیے توانائی کی حفاظت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
معزز مہمان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گفتگو میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کی سفارتکاری میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
دونوں جانب سے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ترقی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری پاور ڈویژن مسٹر راشد محمود لنگڑیال اور یو اے ای کی وزارت توانائی اور انفراسٹرکچر کے انڈر سیکرٹری جناب شریف العلم نے اپنے اپنے فریقین کی جانب سے دستخط کئے