
سنی دیول اس وقت اپنی فلم غدر 2 کی کامیابی پر خوب پذیرائی حاصل کر رہے ہیں، لیکن ساتھ میں اعتراف کیا ہے کہ وہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن نہیں کریں گے۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے سنی دیول کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی فلم پروڈیوس کرتے ہیں تو بینک کرپٹ ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سنی دیول پہلے ہی بینک آف بروڈا کے 50 کروڑ سے زائد کے نادہندہ ہیں، جس کے باعث نوبت ممبئی میں ان کے گھر کی نیلامی تک جاپہنچی تھی، تاہم فلم غدر 2 کی کامیابی پر بینک نے نیلامی کا عمل ملتوی کردیا تھا۔
اپنے انٹرویو کے دوران سنی دیول کا کہنا تھا کہ دنیا بہت مشکل ہے۔ کچھ سال قبل میں چیزوں کو کنٹرول نہیں کرسکا تھا کیونکہ ڈسٹریبیوشن نارمل ہوا کرتی تھی، کچھ لوگ ہوتے تھے جن سے ہم ملاقات کرتے تھے اور ہمارے کنکشنز ہوا کرتے تھے، لیکن پھر کوآپوریٹس آگئے، اور اب ویسا کچھ نہیں۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ گزشتہ دہائی کے دوران میری فلموں پر بطور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر انتہائی مشکل وقت رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بطور اداکار ہی خوش ہیں۔ میں پروڈیوسر بنا، ڈائریکٹر بنا، بہت سارے عہدے سر پر سجالیے، لیکن میرا خیال ہے کہ ایک شخص صرف ایک ہی کام کرسکتا ہے، لہٰذا اب ہر چیز چھوڑ کر صرف اداکار بن گیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب میں یہی کرنا چاہتا ہوں، میں اب جتنا ممکن ہوسکا فلمیں کروں گا۔
واضح رہے کہ سنی دیول نے دل لگی، انڈین اور اپنے جیسی فلمیں پروڈیوس کیں جبکہ 2016 کی فلم گھائل ونس اگین، 2018 کی فلم یملا پگلا دیوانا پھر اپنے بیٹے کرن دیول کی فلم پل پل دل کے پاس کی ڈائریکشن بھی کی۔