
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر پر ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس میں کینیڈا سے تعاون کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
واشنگٹن میں بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی ہے۔
امریکی عہدے دار کے مطابق ملاقات کے دوران انٹونی بلنکن نے جے شنکر کے سامنے ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس کا معاملہ اٹھایا۔
امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ انٹونی بلنکن نے زور دیا کہ بھارت کینیڈا کی تحقیقات میں تعاون کرے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ کے بیان میں سکھ رہنما کے قتل کیس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
جسٹن ٹروڈو نے اس ملاقات سے قبل بیان میں کیا کہا؟
یاد رہے کہ اس ملاقات سے قبل کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزام پر کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ سکھ رہنما کے قتل پر بھارت سے بات کریں گے۔
اوٹاوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن بھارتی ہم منصب سے سکھ رہنما کے قتل کے معاملے پر بات کریں۔