
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے ملالہ یوسف زئی کو شعبۂ سائنس میں نوبل انعام یافتہ قرار دیا تو وہ سوشل میڈیا ٹرولرز کے نشانے پر آ گئیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ویب شو سے ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے۔
اس ویڈیو کلپ میں سابق فاسٹ بالر و میزبان شعیب اختر اپنے شو میں آئی ہوئی مہمان سونیا حسین سے ایک سوال پوچھتے ہیں کہ کس پاکستانی شخصیت نے سائنس کے میدان میں نوبل انعام حاصل کیا ہے؟
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہمان کو 3 نام بطور آپشنز بھی دیے جن میں ملالہ یوسف زئی، ڈاکٹر عبد القدیر خان اور عبدالستار ایدھی شامل تھے۔
میزبان کے سوال پر سونیا حسین نے جواب دیتے ہوئے ’سائنس کے میدان‘ پر غور کیے بغیر پاکستانی نوبل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسف زئی کا نام لے لیا۔
بس پھر کیا تھا پہلے دورانِ شو اور پھر سوشل میڈیا پر سونیا حسین کا مذاق اُڑنا شروع ہو گیا، شعیب اختر نے اداکارہ کو اپنے شو کے سیزن 2 کی ندا یاسر قرار دے دیا۔
میزبان نے یہ سوال جب ساتھی مہمان وسیم بادامی سے کیا تو انہوں نے یہ واضح کرتے ہوئے جواب دیا کہ آپ نے سائنس کے میدان میں پوچھا ہے تو ان میں سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان بھی ہیں۔
وسیم بادامی کے جواب پر سونیا حسین کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور اپنی غلطی پر ہنسنے لگیں۔

تاہم جیسے ہی یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کی زینت بنا تو صارفین نے سونیا حسین کو آڑے ہاتھوں لے لیا جبکہ وسیم بادامی بچ نکلے۔
وائرل پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کئی صارفین نے سوال ڈاکٹر عبد القدیر خان کو نوبل انعام ملنے پر سوال کھڑا کر دیا کہ انہیں کب اس اعزاز سے نوازا گیا؟ جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ آپشنز ہی غلط دیے گئے، درست جواب نوبل انعام جیتنے والے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام ہیں جن کا نام آپشنز میں شامل نہیں تھا۔