فلائی دبئی کے نئے بزنس کلاس لاؤنج کا آغاز،200 سے زائد مسافروں کی گنجائش۔
دبئی(اردوویکلی)::فلائی دبئی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 سے نئی بزنس کلاس لاؤنج کا باضابطہ طور پر آغاز کردیا ہے۔ یہ لاؤنج 900 مربع میٹر پر محیط ہے اور 200 سے زائد مسافروں کی گنجائش رکھتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں فلائی دبئی کے چیف کمرشل آفیسر حمد عبیداللہ، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنس اینڈ فارنرز افیئرز کے نائب ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبید مہیر بن سرور، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنس اینڈ فارنرز افیئرز کے اسسٹنٹ جنرل ڈائریکٹر میجر جنرل طلال احمد الشنقیطی، دبئی ایئرپورٹس کے نائب چیف ایگزیکٹو آفیسر جمال الہای، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمد عبیداللہ نے کہاکہ، "اس سال فلائی دبئی اپنی 15 سالہ کامیاب آپریشنز کا سنگ میل منا رہا ہے۔ ہم مسلسل ارتقا اور اپنے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ہوائی سفر اور زمینی خدمات میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔”
فلائی دبئی کے سینئر نائب صدر برائے ایئرپورٹ سروسز اور کارگو محمد حسن نے کہا، "لاؤنجز ہماری کوشش کا ایک اہم حصہ ہیں تاکہ مسافروں کو ایک ہموار اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔ نیا بزنس کلاس لاؤنج اور بورڈنگ گیٹ ہمارے ان مسافروں کے لیے اضافی سہولت فراہم کرتے ہیں جو کاروبار یا تفریح کے لیے ذاتی اور مؤثر سفری تجربہ چاہتے ہیں۔”
یاد رہے کہ اکتوبر میں فلائی دبئی نے ٹرمینل 2 پر اپنے نئے بزنس کلاس چیک ان کا بھی باضابطہ افتتاح کیا تھا۔