ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلزکی تجارتی نمائش کےفروغ کے لیے
قونصلیٹ جنرل اور پاکستان بزنس کونسل دبئی کے زیر اہتمام تقریب سحور
دبئی۔(اردوویکلی):قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کے اشترک سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں سحری کی تقریب "سحور” کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب ہیلتھ، انجینئرنگ، اینڈ منرلز شو 2025 کے آئندہ چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں منعقد کی گئی یہ نمائش ایکسپو سینٹر لاہور میں 17 سے 19 اپریل 2025 تک منعقد ہو گی۔
قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قونصل جنرل حسین محمد نے متحدہ عرب امارات میں مقیم کاروباری رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ ایچ ای ایم 2025 میں شرکت کے لیے اپنے نمائندے بھیجیں اور پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے شرکاء کو حکومت پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قونصل خانہ پاکستان آنے والے مندوبین کو ہرقسم کی رہنمائی اورہرممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری قونصلر علی زیب خان نے کہا کہ تقریب کا مقصد خریداروں اور ممکنہ درآمد کنندگان کے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے اور میگا نمائش میں شرکت کے لیے تیار کرنا ہے
انہوں نے نمائش کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس کا اہتمام ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے تعاون سے کیا۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین شبیر مرچنٹ اور وائس چیئرمین کامران ریاض نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور نمائش میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں کو جوڑنے میں کونسل کے کردار پر زور دیا۔
ممتاز پاکستانی تاجر حسین دائود نے حاضرین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس نمائش میں پیش کردہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے پاکستان کے برآمدی شعبوں کو فروغ دینے اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اس طرح کی نمائشوں کی اہمیت پر زور دیا
صحت، انجینئرنگ اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی حامل یہ ایک اہم تجارتی نمائش ہے جس میں الیکٹریکل مشینری، آٹوموٹو، پنکھے اور گھریلو برقی آلات، دواسازی، کاسمیٹکس، جراحی کے آلات، کیمیکل، ماربل اور معدنیات، تعمیراتی مواد، جواہرات اور زیورات، کھیلوں کے سامان، کٹلری اور کک ویئر، سٹیشنری، پیکجنگ میٹریل، فرنیچر اور میٹرس ،دستکاری ، پلاسٹک کی اشیاء اور حفاظتی سامان سمیت مختلف مصنوعات کی نمائش کی جاتی ہے۔