قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی کے زیراہتمام گرینڈ ہیلتھ فیسٹیول 2025کا انعقاد
دبئی (اردوویکلی):: قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز اور اسمارٹ لائف کے اشتراک سے گرینڈ ہیلتھ فیسٹیول کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ اس موقع پردبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے اپنے خطاب میں تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول ان پرعزم کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو متحدہ عرب امارات کی خوشحالی کی تشکیل کرتے ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے
قونصل جنرل نے ذاتی طور پر خون کے عطیہ کی مہم میں حصہ لیا اور مفت چیک اپ، مشاورت اور ادویات سمیت فراہم کی جانے والی جامع طبی خدمات کی نگرانی کی۔ قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی طرف سے اعلان کردہ کمیونٹی کے سال 2025 کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔
انہوں نےصدرپاکستان ایسوسی ایشن دبئی ڈاکٹر فیصل اکرام کی قیادت میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی پرجوش ٹیم ،ڈاکٹروں، رضاکاروں اور ان تمام لوگوں کو جنہوں نے فیسٹیول کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا، کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس تقریب میں کھیلوں کے مقابلے، لائیو میوزیکل پرفارمنس، میجک شوز اور لکی ڈراز سمیت متنوع سرگرمیاں شامل تھیں۔ معزز مہمانوں میں عمر متر المزینا (نائب سیکرٹری لیبر افیئرز، موہرے )، محمد رشید جمن (بنگلہ دیش کے قونصل جنرل)، محمد عبدالسلام (بنگلہ دیش کے لیبر کونسلر)، ایم عمران (ملائیشیا کا قونصل خانہ) اور مصری اور سری لنکا کے مشنز کے نمائندوں نے بھرپور بین الاقوامی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
اس فیسٹیول میں "ہینڈز آف یونیٹی” سے عبارت ایک وسیع تر یو اے ای پرچم کی پینٹنگ بنانے کا اقدام بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد سب سے زیادہ ہینڈ پرنٹس پینٹنگ کے لیے ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا تھا۔شرکاء میں مختف اقسام کے تحائف جن میں اسمارٹ فونز، ای اسکوٹر، شاپنگ واؤچرز اور ایئر ٹکٹس شامل تھے تقسیم کیئے گئے۔
قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے پاکستانی قونصلیٹ کے ویلفیئر ونگ کو ان کی غیر معمولی تنظیم پر سراہا جو کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مشن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تقریب نے یو اے ای کے رہائشیوں کے درمیان ہمہ جہت ترقی اور باہمی نگہداشت کے کمیونٹی کے سال کے وژن کو کامیابی کے ساتھ ہم آہنگ کیا۔