زاید نیشنل میوزیم، 3 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے اپنے دروازے کھول دے گا

2

آثارِ قدیمہ سے جدید تنصیبات تک، زاید نیشنل میوزیم میں تاریخ کا مکمل سفر۔

ابوظہبی(ارشد چوہدری)کلچرل ڈسٹرکٹ سعدیات ابوظہبی میں واقع زاید نیشنل میوزیم، جو متحدہ عرب امارات کا قومی عجائب گھر ہے ۔3 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے اپنے دروازے کھول دے گا۔ یہ میوزیم ایک عمیق ثقافتی سفر کے ذریعے یو اے ای کی تاریخ کو قدیم ادوار سے لے کر آج تک کے حالات میں پیش کرے گا، جس میں آثارِ قدیمہ کی اشیاء، تاریخی نوادرات، سمعی و بصری تجربات اور جدید تنصیبات کو یکجا کیا گیاہے۔
یہ منفرد ادارہ متحدہ عرب امارات کے بانی، مرحوم شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی خدمات اور اُن کی ثقافت، تعلیم، شناخت اور وابستگی کے جذبے کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک نے کہا کہ زاید نیشنل میوزیم یو اے ای کی سرزمین، اس کے عوام اور اس کے ورثے کی داستان کو ایک زندہ، متحرک اور ہر ایک کے لیے قابل رسائی انداز میں پیش کرتا ہے۔ ان کے مطابق، یہ میوزیم شیخ زاید کے وژن اور اقدار کا عکاس ہے، جنہوں نے علم، تعلیم اور ثقافت پر ہمیشہ زور دیا۔
میوزیم کو مشہور معمار لارڈ نارمن فوسٹر (فوسٹر + پارٹنرز) نے ڈیزائن کیا ہے۔ یہاں آنے والے افراد ایک مخصوص راہ پر چلتے ہوئے سب سے قدیم انسانی رہائش کے شواہد سے لے کر تجارتی راستوں، ثقافتی تبادلوں اور اماراتی ثقافت کے مخصوص پہلوؤں کو دریافت کریں گے۔ شیخ زاید کی میراث اور اقدار اس پورے بیانیے میں نمایاں طور پر شامل ہوں گی۔
میوزیم کا آغاز "المسار گارڈن” سے ہوگا، جو ایک 600 میٹر طویل آؤٹ ڈور گیلری ہے۔ یہ راستہ لوور ابوظہبی اور آنے والے نیچرل ہسٹری میوزیم کے درمیان واقع ہے، جو مقامی نباتات، فن پاروں، حسیاتی تنصیبات، اور شیخ زاید کی زندگی و یو اے ای کی تاریخ پر مبنی ٹائم لائن پر مشتمل ہے۔ عجائب گھر کے مجموعے میں 3,000 سے زائد اشیاء شامل ہیں، جن میں سے 1,500 نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
میوزیم کے مستقل گیلریز کا آغاز "آور بیگننگ” (ہمارا آغاز) گیلری سے ہوگا، جو شیخ زاید کی زندگی اور قیادت کو اجاگر کرے گی۔ اس گیلری میں اُن کی آواز، تاریخی تصاویر، ویڈیوز، ذاتی اشیاء، خطوط اور تنصیبات کے ذریعے اُن کی کہانی بیان کی جائے گی۔ آگے چل کر "تھرو آور نیچر” گیلری میں زائرین کو یو اے ای کے مختلف قدرتی مناظر جیسے پہاڑ، صحرا، نخلستان اور سمندر سے روشناس کرایا جائے گا، اور ان کے ماحولیاتی و تاریخی اثرات کو اجاگر کیا جائے گا۔
"ٹو آور اینسسٹرز” گیلری میں آثارِ قدیمہ کی دریافتوں کے ذریعے 300,000 سال پر محیط انسانی موجودگی کا احاطہ کیا جائے گا، جس میں دنیا کے قدیم ترین موتی اور حلی گرینڈ گنبد جیسی اشیاء شامل ہوں گی۔ اس کے بعد "تھرو آور کنیکشنز” گیلری میں آئرن ایج سے 1100ء تک کے دور کو بیان کیا جائے گا، جہاں نئی ٹیکنالوجیز، علم، اور اسلامی تہذیب کے آغاز کے اثرات کو واضح کیا جائے گا۔ "بائی آور کوسٹس” گیلری میں پانچ صدیوں پر محیط سمندری ورثہ پیش کیا جائے گا، جس میں مشہور ملاح ابن ماجد سے لے کر موتی کے غوطہ خوروں اور تجارتی و ثقافتی روابط کی کہانی سنائی جائے گی۔
آخری گیلری "ٹو آور روٹس” میں روایتی طرزِ زندگی، رسم و رواج، اور اقتصادی و سماجی روایات کو پیش کیا جائے گا، جو یو اے ای کی اندرونی سرزمین میں رائج تھیں۔ میوزیم کے افتتاح کے موقع پر مختلف پرفارمنسز، ورکشاپس، گائیڈڈ ٹورز اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، تاکہ زائرین اس ثقافتی سنگِ میل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ کھانے پینے کے شائقین کے لیے اماراتی ریستوران "ارتھ”، "الغاف کیفے” اور "گارڈن کیفے” جیسی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
زاید نیشنل میوزیم، لوور ابوظہبی، ٹیم لیب فینومینا ابوظبی، اور آنے والے نیچرل ہسٹری و گوگن ہائیم ابوظبی کے ہمراہ، سعدیات کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع ہوگا۔ یہ علاقہ مکالمے، ثقافتی تبادلے اور تخلیقی دریافتوں کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے، جو ابوظبی کے ثقافتی ویژن اور عالمی مقام کو مزید مستحکم بناتا ہے
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }