بھارت کے لیجنڈری وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کیوی کرکٹر کی شادی میں ڈانس کرکے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر ڈیون کانوے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ، ان کی شادی میں بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ایم ایس دھونی سمیت دیگر بھارتی کرکٹرز نے خوب ڈانس کیا اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کے فوراً بعد صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کیوی کھلاڑی ڈیون کانوے ان دنوں بھارت میں ہی موجود ہیں جہاں وہ آئی پی ایل میں چنائے سپر کنگ کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی شادی کی تقریب بھی بھارت میں ہی ہوئی جہاں انہوں نے شادی میں بھارتی دلہے کا انداز اپناتے ہوئے لہنگی پہنی۔
کیوی کرکٹر کی شادی کی تقریب میں سابق کپتان ایم ایس دھونی سمیت دیگر مشہور کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں تامل اور بھارتی گانوں پر کھلاڑیوں نے بھرپور ڈانس کیا
چنائے سپر کنگ نے سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کھلاڑیوں کے ڈانس کی ویڈیو شیئر کی جسے مداحوں نے بھی بے حد پسند کیا اور کرکٹرز کے ڈانس کی صلاحیت کو بھی داد دی۔
واضح رہے کہ ڈیون کانوے کی شادی میں نیوزی لینڈ کے کرکٹرز سمیت آئی پی ایل کے کئی کھلاڑی شریک ہوئے۔