جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کا پلے آف راؤنڈ کولکتہ اور احمد آباد میں کھیلا جائے گا، اس کا اعلان بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)کی اپیکس کونسل کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوالیفائر 1 اور ایلیمینیٹر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں 24 اور 25 مئی کو ہوں گے جبکہ ایلیمینیٹر 2 اور فائنل 27 اور 29 مئی کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
دونوں مقامات نے فروری میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان وائٹ بال سیریز کی میزبانی کی تھی، احمد آباد میں ون ڈے سیریز بند دروازوں کے پیچھے کھیلی گئی تھی جبکہ بی سی سی آئی نے کولکتہ میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے 75 فیصدہجوم کی اجازت دی تھی۔
بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے کہا کہ جہاں تک آئی پی ایل کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچوں کا تعلق ہے، یہ کولکتہ اور احمد آباد میں منعقد کیے جائیں گے، 22 مئی کو لیگ مرحلے کے ختم ہونے کے بعد کھیلے جانے والے میچوں کے لیے 100 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی۔
مزید برآں، ایپکس کونسل نے تصدیق کی ہے کہ خواتین کا ٹوئنٹی چیلنج لکھنؤ میں منعقد ہوگا۔
تین ٹیموں پر مشتمل خواتین کا ٹی ٹوئنٹی چیلنج، جس میں ٹریل بلزرز، سپرنواس اور ویلوسیٹی شامل ہیں، کو اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے ) کو الاٹ کیا گیا ہے اور یہ 24 سے 28 مئی تک لکھنؤ میں منعقد ہوگا تاہم اسکواڈ کا انتخاب مئی میں جاری ویمنز ٹوئنٹی ٹرافی کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب بی سی سی آئی نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ جون میں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بالترتیب 9، 12، 14، 17 اور 19 جون کو دہلی، کٹک، ویزاگ، راجکوٹ اور بنگلورو میں کھیلی جائے گی۔