امکان تھا کہ اس سال بھی پاکستان میں عیدالفطر سعودی عرب کے ساتھ ہی منائی جائے گی، لیکن پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ممکنہ طور پر عیدالفطر 3 مئی بروز منگل ہوگی۔
تاہم، سعودی عرب میں عیدالفطر کل منائی جائے گی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ ساتھ کل بروز پیر ترکی، عراق، کویت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور مصر سمیت دیگر خلیجی ممالک بھی عیدالفطر منائیں گے۔
طالبان حکومت نے آج یکم مئی بروز اتوارعیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا، اور صرف افغانستان ہی نہیں بلکہ پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان میں بھی آج عیدلافطر منائی گئی ہے۔
پاکستان میں عیدالفطر
دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔
اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور محکمہ موسمیات کے افسران بھی چاند دیکھنے کے لئے موجود ہیں۔
اجلاس میں قاری فتح محمد راشدی، چودھری محمد اسلم ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی محمد اسحاق ساقی سمیت دیگر شریک ہیں۔
محکمہ موسمیات، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد شوال المکرم کا چاند نظر آنے یا نہ نظر آنے کا اعلان کرے گی۔