یورو زون میں بیروزگاری کی شرح تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی

70

یورپی یونین کے 27 رکن ممالک میں سے مشترکا کرنسی یورو والے 19 ممالک جنہیں یورو زون کہا جاتا ہے، میں بیروزگاری کی شرح ریکارڈ حد تک کم ہو گئی ہے۔ گزشتہ مارچ میں یورو زون میں بیروزگاری کی شرح صرف6.8  فیصد ریکارڈ کی گئی۔

یونین کے رکن ملک لکسمبرگ کی رپورٹ کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے آخری ماہ میں یورو زون میں بیروزگاروں کا تناسب فروری کے مقابلے میں 0.1 فیصد کم ہو کر صرف 6.8 فیصد رہ گیا۔

یورپی یونین کے دفتر شماریات، یورو اسٹیٹ کے مطابق یہ یورپی مشترکا کرنسی یورو متعارف کرائے جانے کے بعد سے یورو زون میں آج تک ریکارڈ کی جانے والے بیروزگاری کی کم ترین شرح ہے۔ ایک سال قبل یعنی مارچ 2021ء میں یورو زون میں بیروزگاری کی شرح 8.2 فیصد تھی۔

یورو اسٹیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بیروزگاروں کی تعداد میں کمی کا یہ رجحان صرف یورو زون میں ہی نہیں، بلکہ یونین کے تمام 27 ممالک میں بھی پایا جاتا ہے اور روزگار کی منڈی میں مسلسل بہتری کے آثار دیکھے جا رہے ہیں۔

یورپی یونین کے دفتر شماریات کے مطابق اس سال مارچ میں یورو زون میں بیروزگار افراد کی تعداد میں فروری کے مقابلے میں مجموعی طور پر 76 ہزار کمی ہوئی جبکہ بیروزگاروں کی کُل تعداد 11.27 ملین ریکارڈ کی گئی۔

2020ء میں جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کا پہلا برس تھا، لاک ڈاؤن اور کئی دیگر اقدامات کے باعث یورو زون میں بیروزگاری کی شرح کافی زیادہ ہو گئی تھی لیکن اب یہ شرح کورونا وبا سے پہلے کے دور کے تناسب سے بھی کم ہو گئی ہے۔

یورو زون میں بیروزگاری کی آج تک کی سب سے اونچی شرح 2013ء میں 12 فیصد سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی جو کئی رکن ممالک میں قرضوں کے شدید بحران کا نتیجہ تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }