رومانیہ کی جانب سے روسی سفارت کاروں کو نکالے جانے کے جواب میں روس نے بھی گزشتہ روز ماسکو اور مغرب کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی جنگ کے طور پر اپنی سر زمین سے رومانیہ کے 10 سفارت کاروں کو بے دخل کر دیا۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کا ذمہ دار ٹھہرانے کی رومانیہ کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ بلغاریہ کے سفارت خانے کے ایک ملازم کو بھی ملک سے نکال دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل کے آخر میں رومانیہ کی وزارت خارجہ نے دس روسی سفارت کاروں کو دارالحکومت بخارسٹ سے ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ رومانیہ کا الزام تھا کہ مذکورہ روسی سفارت کاروں نے بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام نہیں کیا۔
Advertisement
یہ اقدام یوکرین کے شہر بوچا میں مبینہ طور پر اجتماعی قبروں کی دریافت اور قصبے سے روسی فوجیوں کے انخلاء کے بعد شہریوں کے قتل کی خبروں پر پورے یورپی براعظم کے غم و غصے کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے تناظر میں یورپی ممالک سے اب تک 300 سے زائد روسی سفارت کاروں کو بے دخل کیا جا چکا ہے۔