مرکزی حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کے لیے سرگرم ہو چکی ہے۔ اسی سلسلے میں وزیر خزانہ نے پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے۔
لیکن اس سے پہلے کہ آپ پیٹرول پمپس کا رُخ کریں، جان لیں کہ یہ خبر بھارت سے آئی ہے۔
بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ہفتہ کو پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی میں 8 روپے اور ڈیزل پر 6 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔
سیتارمن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے پیٹرول کی قیمت میں 9.5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی ہوگی۔
بھارتی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم پردھان منتری اجولا یوجنا کے 9 کروڑ سے زیادہ مستفید لوگوں کو 200 روپے فی گیس سلینڈر (12 سیلنڈر تک) کی سبسڈی دیں گے۔ اس سے ہماری ماؤں اور بہنوں کو مدد ملے گی۔
Advertisement
گزشتہ ماہ یعنی اپریل میں بھارت میں خوردہ افراط زر کی شرح 7.79 فیصد کی 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ بھارت میں خوردہ مہنگائی کے اعداد و شمار میں یہ اضافہ کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔