پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ویرات کوہلی کے ناقدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاپ آرڈر بلے باز کو وہ عزت ملنی چاہیے جس کے وہ حقدار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اخترنے یہ باتیں ایک بھارتی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے کہا کہ بیانات دینے سے پہلے، لوگوں کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی کے طور پر میں کہہ رہا ہوں کہ وہ اب تک کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں،میں چاہتا ہوں کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 110 سنچریاں اسکور کریں اور میں چاہتا ہوں کہ وہ 45 سال کی عمر تک کھیلیں۔
سابق بھارتی کپتان مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور وہ 2019 سے بین الاقوامی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ لوگ آپ کے خلاف ٹویٹ کر رہے ہیں، اگر آپ دیوالی کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہیں تو آپ پر تنقید کی جاتی ہے، لوگ آپ کی بیوی اور بچے کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہیں، جب آپ ورلڈ کپ ہارتے ہیں تو آپ پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔
Advertisement
انہوں نے ویرات کوہلی سے کہا کہ سب کو دکھائیں کہ ویرات کوہلی کون ہے ۔
سابق فاسٹ بولر نے اپنے حریف سچن ٹنڈولکر کا بھی ذکر کیا اور کوہلی پر زور دیا کہ وہ عظیم انسان سے سیکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکر اب تک کا سب سے بڑا اور عاجز آدمی ہے جب اس کے رویے اور فطرت کی بات آتی ہے تو میں اسے بہت پسند کرتا ہوں، وہ ہمیشہ اس کے بارے میں سوچتا ہے کہ وہ کیا کہتا ہے اور دوسرے کرکٹرز کا احترام کرتا ہے۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ لوگوں کو سچن ٹنڈولکر سے سیکھنا چاہیے، اتنے عظیم کرکٹر ہونے کے باوجود وہ کوئی ایسی ٹویٹ یا بات نہیں کرتے جس سے کسی کو تکلیف پہنچے اور اسی طرح دیگر سابق کرکٹرز کو بھی پختہ بیانات دینے چاہئیں۔
واضح رہے کہ کوہلی حال ہی میں ختم ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں فارم سے باہر نظر آئے اور ان کی اوسط صرف 22.73 رہی اور ان کا اسٹرائک ریٹ 115.98 تھا۔