پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ملتان کے گرم موسم کا ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ یہاں ہوا چل رہی ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہم گرمی کی شدت کو محسوس نہیں کرتے ہیں، جب ہم پریکٹس کر رہے تھے تو اتنا گرم نہیں تھا جتنا ہم نے سوچا تھا کہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم کے طور پر میں سیریز کے لیے بہت پرجوش ہوں کیونکہ ہم ملتان میں 14 سال میں پہلی بار کھیل رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ مقامی شائقین اپنے ستاروں کو ایکشن میں دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں مجھے امید ہے کہ وہ دونوں ٹیموں کو یکساں طور پر سپورٹ کریں گے۔
8، 10 اور 12 جون کو ہونے والے میچوں کے دوران موسم 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔
کپتان نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے کیونکہ ان کے پاس تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اچھے نوجوان کھلاڑی بھی ہیں۔
Advertisement
بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز جیتنے سے ٹیم کو زبردست حوصلہ ملا ہے اور امید ہے کہ وہ جیت کی رفتار کو جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ جو سیریز پہلے راولپنڈی میں کھیلی جانی تھی اسے ملک کی غیر یقینی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان میں منتقل کیا گیا تھا۔