سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کی ڈی جی ابوظہبی چیمبرجناب محمدہلال المہیری سے ملاقات
ابوظہبی(نیوزڈیسک)گزشتہ روزپاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ڈائریکٹرجنرل ابوظہبی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری جناب محمد ہلال المیہری سے انکے آفس میں ملاقات کی ۔اس موقع پرسابق ممبرایگزیکٹوبورڈابوظہبی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری حاجی خان زمان سروراور ہیڈآف چانسری سفارت خانہ پاکستان محمد وسیم عباس بھی موجودتھے
سفیرفیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی اور ابوظہبی میں کاروبار کی سہولت کے لیے اپنائی گئی پالیسیوں کی تعریف کی ۔انہوں نے پاکستان میں چیمبرز آف کامرس کے ساتھ ابوظہبی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون کو بڑھانے اور بار باردوطرفہ دوروں پر زور دیا۔سفیر نے ڈائریکٹر جنرل ابوظہبی چیمبرجناب محمدہلال المہیری کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے نظام اور سرمایہ کاری کی آسان پالیسیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ابوظہبی چیمبر کے ڈائریکٹر جنرل اور چیمبراراکین کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر فریقین کی جانب سے تحائف کاتبادلہ کیاگیا۔