عمرشریف کے انتقال سے پاکستان ایک بڑے فنکار سے محروم ہوگیا۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::لیجنڈری اسٹیج ادکار اور کامیڈین عمر شریف66 سال کی عمر میں جرمنی میں وفات پا گئے۔(اناللہ واناالیہ راجعون)۔عمر شریف کی وفات سےکامیڈی کے میدان کاخلاء پُر کرنا ناممکن ہےعمر شریف کے انتقال پر پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور پوری دنیا میں مقیم معروف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے عارضہ قلب، گردوں اور ذیابیطس کے مرض کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج رہنے والے لیجنڈری کامیڈین، اداکار و میزبان عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا لے جایا جا رہا تھا تاہم طبعیت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔دنیائے فن میں نئی جہت بخشنے والے اور اسے بلندیوں پر پہنچانے والے ملک کے لیجنڈری کامیڈین عمرشریف پاکستان کے علاوہ دنیابھرمیں لاکھوں مداحوں کوسوگوارکرگئے۔ تفصیلات کے مطابق عمرشریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا کہ انکے والد کی خواہش تھی کہ انتقال کے بعد ان کی تدفین عبد اللہ شاہ غازی مزار میں کی جائے۔جس کی حکومت سندھ نے اجازت دے دی ہے۔