جرمنی، امریکی میزبانی میں یوکرین کی دفاعی ضروریات پر مذاکرات

80

جرمنی میں آج امریکا کی میزبانی میں یوکرین کو روس کے خلاف مسلح کرنے کے حوالے سے ایک مشاورتی نشست کا آغاز ہو رہا ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اتحادیوں کے ساتھ یوکرین کی دفاعی ضرورتوں کے حوالے سے منعقدہ اِس ملاقات کی میزبانی کریں گے۔

جنوب مشرقی جرمن علاقے رامشٹائین میں واقع امریکی ایئر بیس پر یوکرین کو مسلح کرنے کے حوالے سے آج ہونے والی اِس ملاقات میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کے علاوہ 20 سے زائد نیٹو اور غیر نیٹو ممالک کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دورے کے بعد اس ملاقات میں شرکت کے لیے جرمنی پہنچے ہیں۔ کیف کے دورے کے دوران انہوں نے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے اضافی دفاعی تعاون کا وعدہ کیا تھا۔

گزشتہ روز کیف میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس اتنا کمزور ہو جائے کہ یوکرین پر کسی جارحیت کے لائق ہی نہ رہے۔

امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کا کہنا تھا کہ منگل کو ہونے والی ملاقات کا مقصد یوکرین کی سلامتی کے لیے دفاعی تعاون کو منظم اور مربوط کرنا ہے جس میں ہوئٹزر توپوں، مسلح ڈرونز اور ہلکے ہتھیاروں سمیت بھاری ہتھیاروں کی فراہمی شامل ہے۔

جرمنی کے لیے روانہ ہونے سے قبل جنرل مارک ملی نے کہا کہ آنے والے کئی ہفتے بہت اہم اور نازک ہوں گے، یوکرین کو میدان جنگ میں کامیاب ہونے کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے اور اس ملاقات کا اصل مقصد بھی یہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }