عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک حادثے میں گیس ٹینکر پھٹنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک گیس ٹینکر میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
گیس ٹینکر پھٹنے کی آواز بغداد کے زیادہ تر حصے میں سنی گئی، دھماکہ ہفتے کی رات شہر کے ایک مشرقی حصے میں فٹ بال کے ایک میدان کے قریب ہوا اور اس نے رہائشی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچایا۔
بغداد میں سکیورٹی فورسز کے کمانڈر احمد سلیم نے ایک بیان میں کہا کہ ٹینکر کے پھٹنے سے نو شہری ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔
Advertisement
احمد سلیم نے مزید کہا کہ دھماکہ ایک حادثہ ہے دہشت گردی کی کارروائی نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق زیادہ تر متاثرین اپنے پڑوس کے اسٹیڈیم میں فٹ بال کھیلنے والے شوقیہ تھے۔
طبی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بتائی، ایک نے کہا کہ 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ایک غیر ملکی نمائندے نے بتایا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے اڑ گئے اور علاقے میں موجود گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دھماکے کی جگہ سے صرف 100 میٹر (330 فٹ) کے فاصلے پر رہنے والے رہائشی محمد عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ ہم گھر پر تھے اور بہت زور دار دھماکہ اور گیس کی بو محسوس کی۔
محمد عزیز نے مزید کہا کہ ایسا لگا جیسے ہمارا دم گھٹ رہا ہے اور دھماکے نے ہمارے دروازے اور کھڑکیاں اڑا دی۔”
عراق کے حال ہی میں منتخب ہونے والے صدر عبداللطیف راشد نے وعدہ کیا کہ حادثے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔
عراق میں نقل و حمل اور تعمیراتی شعبے میں حفاظتی معیارات کی اکثر خلاف ورزی کی جاتی ہے، اور حادثات ایک عام بات ہے۔
واضح رہے کہ اپریل 2021 میں بغداد کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 80 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ آکسیجن کی بوتلیں بری طرح سے پھٹ گئیں۔