سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کاشیخ زایدمسجداورشہداکی یادگارکادورہ
شیخ زاید اورشہدائے وطن کے لیئے فاتحہ خوانی کی
شیخ زاید نے رواداری اورپرامن بقائے باہمی کی ثقافت کوفروغ دیا
شیخ زاید ایک رحمدل انسان اورمسلمہ امہ کے عظیم لیڈرتھے
شہداکی قربانیوں سے وطن کوحیات ملتی ہے(فیصل نیازترمذی)
ابوظہبی(اردوویکلی):متحدہ عرب امارات میں تعنیات سفیراسلامی جمہوریہ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے سفارت خانے کی ٹیم کے ہمراہ آج شیخ زاید گرینڈ مسجد اور یواے ای کے شہدا وطن کی یادگار واحۃ الکرامہ کادورہ کیا۔ سفیرفیصل نیازترمذی نے متحدہ عرب امارات کے بانی عزت مآب شیخ زاید بن سلطان النہیان (مرحوم مغفور) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جس نے رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو تقویت بخشی۔شیخ زاید نے اپنی زندگی میں پاکستانی عوام اورپاکستان کی قیادت سے بڑی قربت کے روابط قائم کیئے جوکئی دہائیاں گزرنے کے ساتھ ساتھ اورمضبوط ہوتے چلے گئے ۔ شیخ زاید گرینڈ مسجد کےدورے کے دوران سفیرپاکستان نے مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور انہیں اسلامی ثقافت کے امن اور رواداری کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نےابوظہبی کے قومی اور ثقافتی تاریخی مقام واحۃ الکرامہ کا دورہ کیا جو اپنے وطن کے دفاع اور اس کی حفاظت کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کاموں کو یاد کرتا ہے۔واحۃ الکرامہ 31پینلز پر مشتمل ہے جو ایک دوسرے پر جھکے ہوئے ہیں، جو اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی نشاندہی کرتے ہیں جو قیادت، شہریوں اور خدمت گزاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ نتھی کرتے نظرآتے ہیں۔ دورے کے دوران، انہوں نے واحۃ الکرامہ کے مختلف حصوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ سنی، جو متحدہ عرب امارات کے شہداء کی بہادری اور بہادری کے ساتھ ساتھ ملک کی عظیم اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔سفیر ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے شہداء کی لازوال قربانیوں کے لیے انتہائی احترام اور قدردانی کا اظہار کیا۔