چیئرمین او پی ایف کی پاکستانی کمیونٹی سے شارجہ میں ملاقات

29

چیئرمین اوورسیزپاکستانیزفاؤنڈیشن کی پاکستان سوشل سینٹرشارجہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

یواے ای میں پاکستانی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا جائے گا

سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش جائیداد کے تنازعات کے حل کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں

 اوورسیزپاکستانیوں کی جانب سے سالانہ 38 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں(سید قمر رضا)۔

شارجہ(چوہدری ارشدسے):: چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن  سید قمر رضا نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں گزشتہ روز پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ صدرپاکستان سوشل سینٹرشارجہ خآلد حسین چوہدری کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں  دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عمران شاہد،جنید مرتضیٰ کے علاوہ مختلف پاکستانی بزنس کونسلز کے عہدیداران سمیت ممتازپاکستانیوں راجہ محمد سرفراز،محمدغوث  قادری،میاں منیر ہانس،غلام عبّاس بھٹی، صوفی غلام محی الدین،علی راؤ ، شبیر مرچنٹ، خلیل احمد بونیری،شوکت محمود بٹ، اقبال داؤد، خاورحسین، افتخارعلی تتلہ انجنیئر زبیرخان،ڈاکٹر محمد اکرم شہزاد ،عاصم شہزاد، ڈاکٹر نورالصباح ،چوہدری عبدالغفار، حاجی محمد یٰسین،سہیل خاور، ساجد چیمہ، ،ماجدہ خانم، صائمہ نقوی، فراز صدیقی،چوہدری عامر بشیر انجم، ملک یونس شہزاد، غلام صدیق،ابوبکر آفندی،عمر بلوچ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعدادنے بھی شرکت کی۔
مہمان خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل سینٹر کے صدرخالدحسین چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئےکہا کہ اس تقریب کا انعقاد سمندر پار پاکستانیوں کو چیئرمین او پی ایف کے ساتھ بات چیت کرنے اور کمیونٹی سے متعلقہ معاملات پر اپنے خیالات کے اظہارتبادلہ خیالات کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیاہے۔
کمیونٹی رہنماؤں نے چیئرمین او پی ایف کو اس سال کے شروع میں پاکستان میں کامیاب اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور او پی ایف کی تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانی پاکستانی قیادت کے دلوں کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سالانہ 38 بلین امریکی ڈالر سے زائد کی ترسیلات ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور تارکین وطن کو قانونی ذرائع سے اپنی محنت کی کمائی کی ترسیل جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ چیئرمین نے تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے متعدد اقدامات کا اشتراک کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا جائے گا۔
سید رضا نے شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں 5 فیصد کوٹہ اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن  کے تحت سکلز ڈویلپمنٹ کورسز میں 5000 نشستیں سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش جائیداد کے تنازعات کے حل کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام پر بھی روشنی ڈالی۔
چیئرمین نے اعلان کیا کہ اگلا سالانہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن اپریل 2026 میں پاکستان میں منعقد کیا جائے گا، اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کنونشنز کی کامیابی کا سہرا بیرون ملک مقیم کمیونٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے انٹرایکٹو سیشنز سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں قیمتی بصیرت فراہم کرتے ہیں اور حکومت کو ان کی فلاح و بہبود کے لیے موثر حل وضع کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

 

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }