یو اے ای کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ وزیر اعظم کی ٹیلی فونک گفتگو
اسلام آباد(نیوزڈیسک)::وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں متحدہ عرب امارات کے 51ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی گئی۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے خصوصی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے بانی صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد رکھنے میں ان کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ۔وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہی کے بعد پاکستان کی مالی اور مادی امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد کا جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے خوش اسلوبی سے قبول کر لیا۔