براکہ جوہری توانائی پلانٹ کا یونٹ 1 نیشنل گرڈ سے جڑ گیا
جوہری توانائی پروگرام اور براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی مستقل محفوظ اور معیاری توانائی کی ترسیل میں ایک اہم سنگ میل ہے
ابوظبی، 19 اگست،2020 (وام) ۔۔ امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن، ای این ای سی نے اعلان کیا ہے کہ اس کی آپریشنز اور بحالی کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے ابو ظبی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپچ کمپنی، ٹرانسکو کی شراکت میں محفوظ طریقے سے کامیابی کے ساتھ براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ ون کو متحدہ عرب امارات کے گرڈ سے جوڑ کر قوم کو صاف توانائی کا پہلا میگاواٹ فراہم کردیا ہے۔ اس عمل کے دوران یونٹ ون میں جنریٹر کو متحدہ عرب امارات کے قومی بجلی ٹرانسمیشن گرڈ کی ضروریات کے ساتھ مربوط اور ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ یونٹ ون کنکشن جسے "grid synchronization” بھی کہا جاتا ہے پلانٹ میں پیدا ہونے والی صاف بجلی کی متحدہ عرب امارات کے قومی گرڈ کو فراہمی کا آغاز ہے۔ نواہ نے اس سال جولائی کے آخر میں یونٹ ون کا محفوظ اور کامیاب آپریشن شروع کیا تھا۔ اس کے بعد سے آپریشن ٹیم نے سلسلہ وار ٹیسٹ جاری رکھے جس میں بجلی کی سطح کو مستقل طور پر بڑھایا گیا اور بالآخر بجلی گھر کے پہلے میگا واٹ تک پہنچ گئے۔ پُرامن جوہری توانائی سے صاف بجلی اب متحدہ عرب امارات کے گھروں اور کاروبار کو فراہم کی جارہی ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کے پُرامن جوہری توانائی پروگرام اور براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی مستقل محفوظ اور معیاری توانائی کی ترسیل میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ابراہیم الحمادی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے گرڈ سے یونٹ ون کا محفوظ اور کامیاب رابطہ اس اہم لمحہ کی نشاندہی کرتا ہے جب ہم چوبیس گھنٹے صاف بجلی کی فراہمی کے ذریعے قوم کی ترقی کے اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یونٹ ون کا گرڈ کنکشن واقعی ہمارے منصوبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے جو برسوں کی تیاری اور اعلی ترین بین الاقوامی حفاظت اور معیار پر عمل پیرا ہونے کے بعد کیاگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں اور اپنی ٹیکنالوجی پر اعتماد ہے کہ وہ تجارتی آپریشنزتک پہنچنے اور باقی تین یونٹوں کی تکمیل کو ممکن بنائیں گےجس کا مقصد اگلے 60 سالوں میں متحدہ عرب امارات کی 25 فیصد بجلی کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کی صاف بجلی کی پیداوار کی دیگر اقسام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ محمد ابراہیم الحمادی نے کہا کہ قوم کو بجلی کی کامیاب فراہمی ہمارے مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط اور مستقل تعاون کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کوشش میں ٹرانسکو کا کردار انتہائی اہم ہے جس نے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کے یونٹ ون کو ابوظبی بجلی گرڈ سے مربوط کرنے کے لئے 952 کلو میٹر کے 400 کے وی کے اوورہیڈ لائنوں کی تعمیر کی ہے۔ ٹرانسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عفیف سیف الیافعی نے کہا کہ ٹرانسکو متحدہ عرب امارات کے لئے پائیدار توانائی فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صاف توانائی کے منصوبوں ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور ٹرانسکو اس میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ ڈاکٹر الیافعی نے کہا کہ ٹرانسکو کو فخر ہے کہ متحدہ عرب امارات کے لئے اس طرح کے ایک اہم منصوبے پر ای این ای سی اور اس کے آپریشن اور دیکھ بھال کے ماتحت ادارے نواح کے ساتھ شراکت کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس منصوبے کے اگلے مراحل میں اپنی شراکت کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں