صنعتی شہروں، ورکرزایریا میں مساجد، عبادت گاہیں کھولنےکااعلان
نمازیوں کے درمیان 3 میٹر کا جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے
ابوظبی (اردو ویکلی)::جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور و اوقاف اور نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے صنعتی شہروں اور ورکرزایریا میں مساجد اور عبادت گاہوں کو بتدریج کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم تمام احتیاطی اقدامات بشمول 30 فیصد تک گنجائش کے ساتھ لاگو رہیں گے۔ دونوں سرکاری اداروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دوبارہ کھولنے کی منظوری دینے سے قبل مساجد اور عبادت گاہوں میں تمام احتیاطی تدابیر کےاطلاق کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نماز کے مقامات دوبارہ کھولنے سے متعلق پہلے اعلان کردہ حفاظتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے جن میں نمازیوں کے درمیان 3 میٹر کا جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا، نماز کے وقت جمع ہونے اور ہر طرح سے مصافحہ کرنے سے سے اجتناب کرنا، مساجد اور عبادت گاہوں میں داخلے سے پہلے اور بعد میں ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کرنا اور ہمیشہ ماسک پہننا شامل ہیں۔ نمازیوں کیلئے ضروری ہے کہ اپنے ذاتی الیکٹرانک آلات کے ذریعے قرآن مجید پڑھیں، ایک ہی جائے نماز کا استعمال کریں اور اپنے اسمارٹ فونز پر الحسن ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کریں (بشکریہ وام)۔۔