
دو ماہ سے منظر عام پر نہ آنے والے جنرل سرگئی سروویکن کو روس نے ایئرفورس کی سربراہی سے ہٹا کر نیا چیف مقرر کردیا۔
روس کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایئر اینڈ اسپیس فورسز کے سربراہ جنرل سرگئی سروویکن کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ایئرفورس اسٹاف کے سربراہ کرنل جنرل وکٹر افزالوگ عارضی طور پر فضائیہ کے کمانڈر انچیف ہوں گے۔
جنرل سرگئی ‘جنرل آرمیگڈن’ کے نام سے مشہور تھے، ویگنر گروپ کی بغاوت کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب ہیں۔
انہیں روس کا اعلیٰ فوجی اعزاز بھی مل چکا ہے، 23 جون کی بغاوت میں جنرل سرگئی کمانڈ سے ہٹائے جانے والے سینئر ترین فوجی افسر ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جنرل سرگئی ویگنر سربراہ پریگوزین کے حامی تھے لیکن مغربی ممالک کی انٹیلیجنس یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتی کہ انہوں نے بغاوت میں کوئی کردار ادا کیا تھا یا نہیں۔
24 جون کو مسلح بغاوت کے دوسرے اور آخری دن جنرل سرگئی کو آخری بار دیکھا گیا تھا، انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پریگوزین کو ماسکو کی طرف پیشقدمی سے رکنے کا کہا تھا۔
شام میں جارحانہ بمباری کی وجہ سے جنرل سرگئی کا نام ‘جنرل آرمیگڈن’ پڑگیا تھا۔