
شاہ رخ خان کی فلم جوان کے ڈائریکٹر ارون کمار المعروف ایٹلی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی آئندہ فلم میں شاہ رخ خان اور تھلاپتھی وجے مرکزی کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس پر سنجیدگی سے کام کررہے ہیں۔
باکس آفس پر ہٹ اور صرف بارہ دن میں 883 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلم جوان کے ہدایتکار کا کہنا ہے کہ شاہ رخ اور تھلاپتھی وجے بھی اکٹھے کام کرنے کے خواہشمند اور اس حوالے سے بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم جوان ان دنوں دنیا بھر کے سنیما گھروں پر بہترین بزنس کر رہی ہے اور باکس آفس پر بھی اس کا راج ہے۔
یاد رہے کہ فلم جوان کی ریلیز سے قبل بہت سے پرستاروں کا گمان تھا کہ تھلاپتھی وجے فلم میں کسی خصوصی مختصر کردار میں نظر آئیں گے تاہم ایسا نہ ہوا اور اب ہدایتکار ایٹلی کا کہنا ہے کہ وہ ہندی سنیما اور تامل سنیما کے ان دونوں سپر اسٹارز کے ساتھ اپنی آئندہ فلم پر کام کررہے ہیں۔
یہاں یہ امر بھی اہم ہے کہ بذات خود 36 سالہ ایٹلی کا تعلق بھی جنوبی بھارت سے ہے اور ان کی زیادہ تر فلمیں تامل زبان میں بنتی ہیں۔
ایٹلی کے مطابق تھلاپتھی وجے نے انہیں پیغام دیا کہ اگر میں (ایٹلی) ایسا کوئی اسکرپٹ لکھ رہا ہوں جس میں ہم دونوں اکٹھے نظر آئیں تو وہ بالکل تیار ہیں، اسی طرح شاہ رخ خان نے بھی اپنی رضا مندی دے دی ہے۔