
حماس کے ’طوفان الاقصیٰ‘ آپریشن اور اس کے جواب میں غزہ پر اسرائیلی بمباری چوتھے روز میں داخل ہو گئی۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق غزہ میں 1 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث غزہ میں بے گھر افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں بے گھر 1 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد اقوام متحدہ کے 83 اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 704 ہو گئی ہے جبکہ 3800 زخمی ہیں اور اس دوران ایمبولینسز اور طبی عملہ بھی اسرائیل کے نشانے پر ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ کے گنجان آباد علاقوں میں اندھا دھند بمباری سے 2 صحافی بھی جاں بحق ہو گئے ہیں۔