دبئی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کا کیریئر فیئر 2025 کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل۔
قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمدموقع پرموجودرہے۔
دبئی(اردوویکلی)::دبئی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے کیریئر فیئر 2025 کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا جس کا انعقاد ٹرانس گارڈ گروپ کے اشتراک سے کیا گیا۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریب 3 اور 4 جون کو قونصلیٹ کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک واک ان انٹرویوز لیے گئے۔
متحدہ عرب امارات بھر سے سینکڑوں پاکستانی روزگار کے متلاشی افراد نے اس میں شرکت کی۔ٹرانس گارڈ گروپ کی جانب سے 20 سے زائد مختلف شعبوں میں ملازمتیں پیش کی گئیں اس ابتدائی مرحلے میں تقریباً 400سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔ حتمی امیدواروں کا انتخاب جانچ اور تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد ہر عہدے کی مخصوص ضروریات کے مطابق کیا جائے گا۔قونصل جنرل آف پاکستان دبئی حسین محمد نے موقع پر آ کر بھرتی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اشتراک کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔قونصل جنرل نے کہا کہ قونصلیٹ اس طرح کے مشترکہ اقدامات کی مکمل حمایت اور سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے تاکہ کمیونٹی کے لیے روزگار کے مواقع کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا سکے۔
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عمران شاہد اور جنید مرتضیٰ نے بھی اس مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ مستقبل میں متحدہ عرب امارات کی معروف ریکروٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مزید ایسی تقریبات کے انعقاد کی منصوبہ بندی جا رہی ہے۔کیریئر فیئر 2025 کا دوسرا مرحلہ 18 اور 19 جون کو پاکستان قونصلیٹ دبئی کے احاطے میں منعقد ہوگا۔