قونصل جنرل پاکستان حسین محمدکی ولی عہد فجیرہ عزت مآب شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی سے ملاقات۔
فجیرہ(اردوویکلی):: قونصل جنرل پاکستان دبئی و شمالی امارات حسین محمدنے آج فجیرہ کے ولی عہدعزت مآب شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے فجیرہ اور شمالی امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے مسلسل حمایت اور سہولت فراہم کرنے کی تعریف کی۔
ولی عہد فجیرہ شیخ محمد بن حمد بن محمدالشرقی نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور پیشرفت میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو سراہتے ہوئے فجیرہ میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔