بھارت میں مندر کی رتھ ہائی ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرا گئی، 11 افراد ہلاک

112

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے ایک مندر میں ہندو مذہبی جلوس کے دوران کرنٹ لگنے سے 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔

بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق افسوس ناک واقعہ بدھ کو علی الصبح تامل ناڈو کے ضلع تھان جاور کے گاؤں کالی میدو میں پیش آیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذہبی جلوس میں چلنے والی مندر کی رتھ بجلی کی ایک ہائی ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق مندر کی رتھ کو جلوس کے راستے میں ایک جگہ سے موڑنے میں رکاوٹ پیش آئی تو موڑنے کی کوشش میں وہ اُلٹ گئی۔ اِسی دوران رتھ اوپر سے گزرنے والے بجلی کے ہائی وولٹیج تاروں سے چُھو گئی جس سے اُس پر بیٹھے افراد کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو کر نیچے گر گئے۔

واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

تیروچرپالی کے آئی جی پولیس وی بالکرشنان کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

تامل ناڈو کے وزیراعلٰی ایم کے اسٹالن نے سوگوار خاندانوں سے گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثاء کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }