سری لنکا میں مظاہرین کی اشتعال انگیزی عروج پر ہے۔ مظاہرین نے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کے گھر کو نظرِ آتش کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشتعل مظاہرین نے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کے ذاتی گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور پھر اسے نذر آتش کردیا۔واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے کہ جب ملک بھر میں عوام کے احتجاج کے بعد وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے اپنے استعفیٰ پیش کیا تھا۔
قبل ازیں، وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رانیل وکرما سنگھےکُل جماعتی حکومت بنانےکے لیے مستعفیٰ ہونےکو تیار ہیں۔
یاد رہے، اس سے قبل سری لنکن صدر کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آج ہزاروں مظاہرین صدارتی محل میں گھس گئے تھے۔ مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنے کھڑی رکاوٹیں توڑ ڈالیں، اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا۔ ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
Advertisement
رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر راجا پاکسےکو ان کی رہائش گاہ سے پہلے ہی بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
خیال رہے، سری لنکا کئی ماہ سے خوراک، ادویات،ایندھن، بجلی کی کمی اور شدید مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے جس کے خلاف سری لنکا میں حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔