کراچی میں انڈور پریکٹسنگ نیٹ متعارف
کرکٹ کے شوقین افراد کے لیے کراچی میں انڈور پریکٹسنگ نیٹ متعارف کروادیا گیا ہے، جہاں بین الاقوامی طرز پر کھلاڑی پریکٹس کرسکیں گے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گیمنگ زون جیسا انڈور نیٹ متعارف کروایا گیا ہے، جہاں کرکٹ کے شوفین افراد انتہائی مناسب پیسوں میں پریکٹس کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق انڈور پریکٹسنگ نیٹ میں کھلاڑی ٹیپ اور ہارڈ بال سے پروفیشنل طرز کی پریکٹس کرسکتے ہیں۔
مقامی کھلاڑی احسن ثمر کہتے ہیں کہ ’انڈور کرکٹ کی ایسی سہولت کہیں بھی موجود نہیں ہے جو کہ ہونی چاہیے، یہ کھلاڑیوں کے لیے اس لیے بھی فائدہ مند ہے کہ اگر کھلاڑی کا کل میچ ہو اور کلب میں پریکٹس نہ ہورہی ہو تو ہم یہاں آکر پریکٹس کرسکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی یہاں آکر 20 اوورز پریکٹس کرسکتے ہیں جو ان کی اسکلز کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، اس طرح کے پریکٹس نیٹ ہمیں آگے جاکر بہت فائدہ دیں گے۔
Advertisement
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی آپ کو اچھی چیز مہیا کررہا ہے اور اچھے ماحول کے ساتھ کوئی منفرد چیز مہیا کررہا ہے تو میرا نہیں خیال کہ پیسے کوئی معنی رکھتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہاں آپ کی ضرورت کے حساب سے پیسے رکھے گئے ہیں جوکہ بہت مناسب پیسے ہیں اور اگر اتنے پیسوں میں آپ کی اسکلز مضبوط پورہی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے‘۔
انڈور پریکٹسنگ نیٹ کا نام کرک انڈور رکھا گیا ہے جس کے مالک فہد عارف کا کہنا ہے کہ ’یہ کرکٹ کے دیوانوں کے لیے بنایا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑا مسئلہ گراؤنڈ کا ہے، جہاں عام لوگوں کی رسائی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم یہ سہولت لے کر آئے ہیں۔
فہد عارف کے مطابق ہم ایک منفرد آپشن بہت ہی مناسب پیسوں میں لے کر آئے ہیں تاکہ ہر کرکٹر تک رسائی ممکن ہوسکے اور وہ اپنی کرکٹ کا جنون یہاں آکر پورا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہم نے یہاں بہت ہی زبردست لیول کے نیٹ لگائے ہیں اور لوگوں کو پوری کٹ فراہم کررہے ہیں جب کہ لوگ یہاں آکر بین الاقوامی طرز کی تیز بال کرکٹ کا بھی تجربہ کرسکتے ہیں۔
Advertisement
Advertisement