
بالی ووڈ کے سینئیر اداکار سنیل شیٹی نے اپنے پسندیدہ کرکٹر سے متعلق انکشاف کردیا، تاہم اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ کرکٹر ان کی بیٹی آتھیا شیٹی کے شوہر اور بھارتی اسٹار کرکٹر کے ایل راہول نہیں ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں 1992 میں فلم بلوان سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے 62 سالہ اداکار نے انکشاف کیا کہ ان کے فیوریٹ کرکٹر عہد حاضر کے شہرت یافتہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی ہیں۔
اس موقع پر سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ کے ایل راہول انکا بیٹا ہے اور جب خاندان کا معاملہ ہو تو آپ اس پر کوئی گفتگو یا رائے نہیں دے سکتے۔
تاہم جب ان سے سوال کیا گیا کہ تو پھر آہان شیٹی کیا ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ خاندان ہے، لیکن وہ ایک کرکٹر نہیں، وہ اداکار ہے۔
اس موقع پر سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی تعاقب (غالباً ان کا مطلب رنز کا تعاقب) کرنے کے ماسٹر ہیں اور اسی لیے وہ میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دیے گئے ایک انٹرویو میں سنیل شیٹی نے اپنے داماد کے ایل راہول کے بارے میں کہا تھا کہ میں ان کی مہارت کا پرستار ہوں۔