
آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی، یوں پوائنٹس ٹیبل پر وہ پانچویں پوزیشن پر ہے ۔ اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کےلئے آخری دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان چوتھی فتح کے بعد پانچویں پوزیشن پر ہے لیکن اس کا رن ریٹ اب بھی مائنس (0.33-) ہے۔
پاکستان ٹیم رن ریٹ میں افغانستان سے بہتر پوزیشن میں ہے ہفتے کو ہونے والے میچ میں گرین شرٹس نیوزی لینڈ کو 80 سے زائد رنز کے مارجن سے شکست دے کر نیوزی لینڈ سے بھی بہتر پوزیشن میں آسکتی ہے۔
افغانستان کے آخری دو میچز آسٹریلیا اور جنوبی افریقا سے ہیں۔ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے اسے دونوں میچز جیتنا ہیں۔ اگر وہ ایک میچ بھی ہار گئی تو رن ریٹ اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم اپنے آخری تین میں سے دو میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے جبکہ جنوبی افریقا کو بھی لاسٹ فور میں جگہ کنفرم کرنے کے لئے کم ازکم ایک فتح درکار ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم اب بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے لیکن اس کے لئے اسے باقی تمام میچز جیتنا ہوں گے اور یہ امید بھی رکھنا ہوگی کہ جنوبی افریقا اور بھارت اپنے بقیہ تمام میچز جیتیں۔