یوم پاکستان کی مناسبت سے یادگاراستقبالیہ تقریب کااہتمام

پاکستان امارات دوستی کے فروغ کے لیئے شیخ زایدپرلکھی گئی کتاب"معماروطن کی رونمائی"۔

374

سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی کی جانب سے

یوم پاکستان کی مناسبت سے یادگاراستقبالیہ تقریب کااہتمام

عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آلنہیان تقریب کےمہمان خصوصی تھے

وزیر مملکت برائے خارجہ امورجناب احمد بن علی الصائغ نے بھی شرکت کی۔

سفیرپاکستان فیصل ترمذی نے قرار داد پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا

حاجی خان زمان کی بانی وطن شیخ زایدپرلکھی گئی کتاب”معماروطن’ کی رونمائی ۔

ابوظہبی(چوہدری ارشدسے)گزشتہ روزسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی کی جانب سے یوم پاکستان(23مارچ) کی مناسبت سے ابوظہبی کے ایک معروف مقامی ہوٹل میں ایک پروقار اوریادگار استقبالیہ تقریب کااہتمام کیاگیا۔یوم پاکستان کی مناسبت سے اب تک منعقد ہونے والی تقریبات میں سے اس تقریب کوبڑاکہاجاسکتاہے ۔ کیونکہ تقریب کے تمام ترانتظامات کوبڑی خوبصورتی اورنفاست سے ترتیب دیاگیاتھا۔جس کی ہرایک مہمان نے تعریف کی۔جوسفیرصاحب کی ذاتی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے ۔
 استقبالیہ تقریب میں یواے ای کے وزیربرائے رواداری و بقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آلنہیان کے علاوہ وزیر مملکت برائے خارجہ اموراحمد بن علی الصائغ ،قونصل جنرل حسین محمد،مختلف محکموں کے اعلی حکام،متعددممالک کے سفارتکاروں،سفارتی عملہ ،مقامی شہریوں  اورپاکستانی کمیونٹی کی ممتازسماجی وکاروباری شخصیات کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔
سفیرپاکستان نے دیگرافسران کے ہمراہ تقریب میں آنے والے ہرمہمان کاخندہ پیشانی سے استقبال کیا اور تشریف آوری پرشکریہ اداکیا۔
تقریب کاآغازمعروف پاکستانی فنکاروں نے روائتی بینڈ کے ساتھ  یواے ای اورپاکستان کے قومی ترانے بجاکرکیا۔
 اس موقع پر سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے خطاب کرتے ہوئے قرارداد پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ایک نوزائیدہ ریاست کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے اور بعد میں سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے سخت جدوجہد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاکستان میں ایسے متعدد مواقع کی طرف توجہ دلائی جو ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں جن میں صحت مند نوجوانوں کی بڑی تعداد،عوامی زندگی میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت، زراعت کی صلاحیت ، متنوع ثقافتی ورثہ، سیاحت کی صلاحیت، اور سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا آئی ٹی سیکٹر شامل ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایک ترقی پسند ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد اقتصادی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ٹھوس پیش رفت کرنا ہے۔
انہوں نے غزہ میں جاری جنگ کے فوری خاتمے اورمذاکرات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔ سفیرفیصل نیازترمذی نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں متحدہ عرب امارات کی متاثر کن اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا اوربانی متحدہ عرب امارات مرحوم شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی دور اندیش قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کوموجودہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان دانشمندی اور فخر کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری کا مظاہرہ باقاعدہ اعلیٰ سطحی رابطوں، مستحکم اداروں اور 17 لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی سے ہوتا ہے۔
اس یادگار موقع پربانی متحدہ عرب امارات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یواے ای میں عرصہ دراز سے مقیم ممتازپاکستانی بزنس مین حاجی خان زمان سرورآف الابراہیمی  گروپ کی (شیخ زاید بن سلطان مرحوم کی پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت اور انکے خیراتی اور ترقیاتی کاموں اورپاکستان اورمتحدہ عرب امارات کی دوستی اورتعلقات کے فروغ پر)تحریرکردہ کتاب’’شیخ زاید ،معمار وطن‘‘ کی رونمائی بھی کی گئی ۔یہ کتاب پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یو اے ای کے عوام اور حکومت کو خراج تحسین ہے۔ حاجی خان زمان سرور کی جانب سے لکھی گئی کتاب "شیخ زاید معمار وطن  تقریب میں شریک  تمام مہمانوں کو بطورتحفہ پیش کی گئی۔
اس موقع پرشیخ زاید پرلکھی گئی کتاب "معماروطن”کے مصنف حاجی خان زمان سرورنے اپنے مختصر خطاب میں مرحوم شیخ زاید سے قصرالبحر پیلس میں پاکستانی وفدکی ملاقات ، شیخ زاید سے اپنی عقیدت اورشیخ زاید کی پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت کااظہارکیا اور کہا کہ شیخ زاید سے ہونے والی ملاقات نے میرے دل پرگہرے اورانمٹ نقوش چھوڑے اورمیں نے سوچاکہ اس عظیم انسان کی خدمت میں کچھ پیش کروں توپھرمیں نے ارادہ کیا کہ کیوں نہ شیخ زاید کی پاکستان،پاکستانیوں اور دنیابھرمیں انسانیت کی خدمت کواجاگرکیاجائے تاکہ نئی نسل کوبھی پتہ چلے کہ بابا زاید کتنی عظیم شخصیت تھے اورالحمداللہ آج میرے ارادے کی تکیمل ہوگئی۔۔ اوریہ کتاب لانچ ہوگئی۔
خان زمان سرور نے اپنی کتاب معمار وطن سفیرپاکستان کے ہمراہ مہمان خصوصی شیخ نہیان بن مبارک النییان کو پیش بھی کی اور
اور کہا یہ کتاب پاکستانی کیمونٹی  کی جانب سے شیخ زاید بن سلطان النییان مرحوم کو خراج عقیدت ہے کیونکہ مرحوم شیخ زاید بن سلطان آلنییان پاکستان اور پاکستانیوں سے بہت پیار کرتے تھے اور انکے جانشین موجود حکمران بھی پاکستان سے محبت رکھتے ہیں اورہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں
اس موقع پر پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیت عدنان نیاز کو ان کی شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ تقریب یوم پاکستان کی مناسبت سے تیارکردہ خوبصوت کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں پاکستان کےمعروف آرٹسٹ رحیم بخش کھیتران کی خوبصورت پینٹگزکی بھی نمائش کی گئی۔جسے حاضرین نے بڑی دلچسپی سے دیکھااورآرٹسٹ کے فن کوسراہا ۔
تقریب کے اختتام پرسفیرپاکستان نے تقریب کوکامیابی تک پہنچانے والے اسپانسرزحبیب بنک لمیٹڈ،ڈیسکون،الابراہیمی گروپ ،فلائی جناح،ہیمانی،یوبی ایل،سپرفکس گروپ،پریسکاٹ،ٹی سی ایس ،اے بی ایڈورٹائزنگ،چیمپئین گروپ،کے نمائندگان میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔اورانکے تعاون پرشکریہ اداکیا۔یوم پاکستان کی مناسبت منعقدہونے والی اس یادگارتقریب کاکریڈٹ سفیرپاکستان اورانکی پوری ٹیم کوجاتاہے جن کی کئی روزکی مسلسل جدوجہدکے بعد یہ تقریب کامیابی  سے منعقدہوپائی ۔(اختتام)۔

 

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }