دشمن کو اسی زبان میں جواب دیاجو وہ اچھی طرح سمجھتا ہے(وزیراعظم شہبازشریف)
پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔
جنگ میں شہیدہونے والے معصوم ارتضٰی عباس ،دیگرشہدا اورانکی ماؤں کے جذبے کوسلام عقیدت پیش کرتاہوں
ہمارے نڈراورغیور شاہینوں نے پوری قوم کے سرفخر سے بلندکردیئے۔
قوم کو دل کی گہرائیوں سے فتح کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ،سعودی عرب ، یو اے ای ، ترکیہ،قطر،برطانیہ ،سیکریٹری جنرل یو این اوراپنے قابل اعتماد دوست چین کاہم خصوصی طورپرشکریہ ادا کرتے ہیں۔(وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف)
اسلام آباد(چوہدری ارشد):: وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں ہمارے ازلی دشمن بھارت نے نہائت بزدلانہ اور شرمناک فعل کامظاہرہ کرتے ہوئےشہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں معصوم بچے،خواتین اوردیگرلوگ شہیدہوگئے دشمن نے ہمارے صبر کا امتحان لیا،مگرہماری بہادر افواج نے سپہ سالارجنرل عاصم منیرکی دلیرانہ قیادت میں پیشہ وارانہ انداز میں دشمن کو جواب دیا، ہم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیش کش کی مگرجواب میں بھارت نے ہم پر جو بلا جواز جنگ مسلط کی توپھرہم نے فیصلہ کیاکہ دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔
قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہو کر لڑتے ہیں، آج پاکستانی قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں، غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں،ہم نے دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خودار قوم ہے،کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی باوقار اور غیرت مند قوم ہیں،دشمن نے پاکستان کےخلاف کھلی جارحیت کی،افواج پاکستان نے دشمن کو پیشہ ورانہ انداز میں مؤثر جواب دیا،چند ہی گھنٹوں میں دشمن کی توپوں کو خاموش کرایا تاریخ اسے ہمیشہ یاد رکھے گی،دشمن کے فوجی اڈے ،اسلحہ کے انبار اور ائیر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کا ڈھیر بن گئے، آج کی فتح ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے،بھارت کے رافیل بھی اسے شکست سے نہ بچا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاؤں،مسلح افواج کی کوششوں سے اللہ رب العزت نے فتح دی،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا قوم کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف اور نیول چیف کا اپنی اور پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چیف آف ائیر اسٹاف اور ان کے شاہینوں کو گرم جوشی سے شاباش دیتا ہوں، انہوں نے ہمارے سر فخر سے بلندکردیے میں تمام سروسز چیفس افسران سمیت تمام بہادرجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،اہم موقع پر ساتھ دینے کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا بھی شکر گزار ہوں،اورمن گھڑت خبروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والا ہمارا ذمہ دار میڈیا بھی مبارک باد کا مستحق ہے،ہم نے ہر محاذ پر ذمہ دار ریاست کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، پاکستان کے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھےگی
وزیراعظم نے جنگ بندی میں اہم کردار اداکرنے پرعالمی رہنماؤں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ، کراؤن پرنس سعودی عریبیہ محمد بن سلمان،صدرمتحد عرب امارات شیخ محمد بن زایدآل نہیان،قطرکے شیخ تمیم ،ترکیہ کے صدر،رجب طیب اردوان اورچین کے صدر شی چن پنگ ،سمیت برطانیہ ،دیگردوست ممالک اورعوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دوست ممالک نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی اور بھرپور ساتھ دیا، چین نے پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں ہر مشکل گھڑی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ ہم نے ذمہ دار ریاست کے طور پر جنگ بندی کا مثبت جواب دیا ہے،کامل یقین ہےکہ جموں و کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کے لیے پرامن مذاکرات کا راستہ اپنایا جائےگا۔اورمجھے کامل یقین ہے کہ اس کامیابی کے بعد ہم سب اپنی توانائیاں ملکی ترقی اور خوشحال کے لیے وقف کردیں گے،افواج پاکستان زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔