پاکستان اورمتحدہ عرب امارات میں موسمیاتی اور ماحولیاتی کوششوں کو فروغ دینے کا معاہدہ

112
 گلاسگو(اردوویکلی):: پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اپنی قومی قانون سازی کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کی وزیرمريم بنت محمد المهيري اورپاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے اقوام متحدہ کی 26ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس( سی اوپی 26) کے موقع پر معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں ممالک ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، سمارٹ زراعت، خشک سالی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تعلیم اور استعداد کو فروغ دینے میں تعاون کریں گے ۔ اس موقع پرمریم بنت محمد المهيري نے کہاکہ دانشمند قیادت کے مستقبل کے وژن کے مطابق، متحدہ عرب امارات عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے اور کثیرالجہتی سفارت کاری اس کے مستقبل کے ایجنڈے کی اسٹریٹجک ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں تعلیم، صحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی،تحفظ خوراک اور ماحولیات جیسے کئی شعبوں میں دیرینہ تعاون موجود ہے۔ نئی مفاہمت سے ہمیں صلاحیتوں کو بڑھانے اور مل کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی امین اسلم نے کہاکہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے پہلے سے مضبوط دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر خوشی ہے۔ معاہدے کے ذریعے، ہم زمینی اور سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کوفروغ دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں میں کمی کے اقدامات کو بڑھانے کی امید رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر نئے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے اقدامات شروع کرنے اور موجودہ ماحولیاتی نظام کی بحالی کے اقدامات کو اس طرح سے وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے جس سے ماحولیاتی نظام کی بحالی پر اقوام متحدہ کی دہائی کے مقاصد کو فروغ ملے۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک سمارٹ زرعی طریقوں اور قابل تجدید توانائی کے وسائل کو اپنانے میں سہولت فراہم کریں گے، خشک سالی سے نمٹنے کے منصوبے تیار اور ماحولیاتی اور صحرائی سیاحت کو فروغ دیں گے،دونوں ممالک ماحولیاتی اور موسمیاتی ماہرین کے لیے تربیتی پروگرام کا انعقاد اور سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور بلیو کاربن کے اقدامات کوفروغ دیں گے۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان اپنے تعلیمی اداروں کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں معلومات کے تبادلوں کا آغاز بھی کریں گے،جدید آئیڈیاز اور تعلیمی اداروں کے منصوبوں کو عملی جامہ پہناننے میں تعاون اور مشترکہ ماحولیاتی تحقیق کریں گے
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }