انتہاپسندوں کی جانب سے قران پاک جلائے جانے پرمتحدہ عرب امارات میں سویڈن کی سفیر کی طلبی شدید احتجاج سے آگاہ کیاگیا۔
ابوظہبی(اردوویکلی):: متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوزایجنسی وام کے مطابق وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون محترمہ ريم بنت إبراهيم الهاشمي نے متحدہ عرب امارات میں سویڈن کی سفیر لیزلیٹ اینڈرسن کو طلب کیا،اور انہیں سویڈن میں انتہا پسندوں کے ہاتھوں قرآن پاک کو جلانے کے خلاف متحدہ عرب امارات کے احتجاج سے آگاہ کیا۔ ریم الهاشمي نے مذاہب کو ٹھیس پہنچانے والے تمام طریقوں کو مسترد کرنے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے ٹھوس موقف سے آگاہ کرتے ہوئے مذہبی علامات کا احترام اور اشتعال انگیزی اور پولرائزیشن سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو رواداری و بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے اور نفرت و انتہا پسندی کو مسترد کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اس طرح کا طرز عمل صرف مزید تناؤ اور تصادم کا باعث ہوگا۔