چنئی: بھارتی ریاست تمل ناڈو میں کلیکٹر نے بریانی فیسٹیول میں ’بیف بریانی‘ پیش کرنے پر پابندی عائد کردی۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ضلع ترو پت تھو ر میں منعقد ہونے والے بریانی فیسٹول میں کلیکٹر نے“ بیف بریانی “ پیش کرنے پر پابندی لگادی ہے جس کے بعد فیسٹول ہی منسوخ کردیا گیا ہے۔
ترو پت تھو ر کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے 13 سے 15 جون تک فیسٹول کا انعقاد کیا تھا جس میں 20 الگ الگ طرح کی بریانی کی ڈش پیش کیے جانے کا منصوبہ تھا۔
لیکن اس پر تنازعہ تب کھڑا ہوا جب ضلعی کلیکٹر نے ’بیف بریانی‘ پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
دریں اثنا ریاست کے ایس سی، ایس ٹی کمیشن نے کلیکٹر کی طرف سے ’بیف بریانی‘ پر عائد کی گئی پابندی کو مسلمانوں ، دلتوں اور قبائلوں کے تئیں امتیازی سلوک قرار دیتے ہوئے ان سے اس حوالے سے جواب طلب کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے کلیکٹر کو خط ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش کی جانی چاہیے کیونکہ اس میں مسلمانوں کے خلاف امتیاز نظر آتا ہے جبکہ ضلع کے علاقے ایمبور، جہاں فیسٹول ہونے والا تھا اس علاقے میں مسلمانوں کی آبادی دو لاکھ سے زائد ہے ۔