امریکی تاریخ میں پہلی باروفاقی جج کے عہدے کے لیے نام زد ہونے والے پاکستانی نژاد زاہد قریشی نےاپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
زاہد قریشی اس اہم امریکی عہدے پرفائزہونے والے پہلے مسلمان جج ہیں جوامریکا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بہت بڑے اعزازکی بات ہے۔
زاہد قریشی کی وفاقی جج کے لیے گزشتہ سال 11 جون کوتقرری کی گئی تھی، بعدازاں امریکی سینیٹ نے بھی ان کی تقرری کی توثیق کردی تھی۔
وفاقی جج کے لیے امریکن پاکستان پبلک کمیٹی کے انچارچ ڈاکٹراعجازنے ان کو نام زد کیا تھا، بعد میں زاہد قریشی کا نام جوبائیڈن کونامزد کرنے والے نیوجرسی کے ڈیموکریٹ سینیٹرکوری بوکرنے بائیڈن انتظامیہ کوبھیج دیا تھا۔
انہوں نے زاہد قریشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ زاہد ضمیرکی آواز کا اظہارکرنے والے ایک محب وطن امریکی مسلمان ہیں۔ ‘
Advertisement
پاکستانی نژاد زاہد قریشی امریکا کی وفاقی عدالت کے پہلے ایشیائی امریکی جج ہیں۔ سینیٹ میں اس سلسلے میں ہونے والی ووٹنگ میں صدرجوبائیڈن کی طرف سے نامزد زاہد قریشی کی 16 کے مقابلے میں 83 اراکین نے حمایت کی تھی۔
زاہد قریشی نیوجرسی ڈسٹرکٹ کی عدالت میں اپنے فرائض ادا کریں گے۔
ان کی تقرری کے موقع پرامریکی سینیٹ میں اکثریت رکھنے والے رہنما چک شومرکا کہنا تھا کہ’ قریشی امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان جج ہیں جوکہ امریکا کا تیسرا سب سے بڑا مذہب ہے۔ ہمیں نہ صرف اپنی آبادی کے تنوع بلکہ پیشہ ورانہ تنوع کو بھی وسعت دینا چاہئے۔ میں سمجھتا ہوں کہ صدر بائیڈن بھی اس بات پرمجھ سے متفق ہیں کہ زاہد قریشی اس کی ایک مضبوط مثال ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ زاہد قریشی کے تقررکی منظوری دونوں جماعتوں کی جانب سے دی گئی تھی۔ امریکی نظام انصاف میں وفاقی جج کا عہدہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے اوریہ تاعمرکے لیے ہوتا ہے۔
زاہد قریشی کون ہیں؟
زاہد قریشی ایک پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔ نیویارک میں پیدا ہونے والے زاہد قریشی نے ابتدائی دورنیوجرسی میں گذارہ۔ نیو جرسی کے ریوٹزرلا اسکول سے قانون میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2001 میں ایک لا فرم میں ملازمت اختیارکی۔ نائن الیون کے بعد انہوں نے امریکی فوج میں شمولت اختیار کرلی تھی۔
ایک فوجی وکیل کے طورپرخدمات انجام دیتے ہوئے وہ کیپٹن کے عہدے تک پہنچے۔ 2004 سے 2006 تک ان کی تعیناتی عراق میں رہی۔
فوج چھوڑنے کے بعد انہوں نے پہلے امریکا کے محکمہ داخلی سلامتی اورپھرنیوجرسی میں امریکی اٹارنی کے دفتر میں کام کیا۔
2019 میں انہیں نیوجرسی میں مجسٹریٹ مقررکیا گیا، بعدازاں ان کا تقرروفاقی جج کے لیے کیا گیا۔
امریکی قانون اور نظام انصاف میں کام کرنے کا طویل تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ زاہد قریشی کو ریاستی اور وفاقی سطح پر جرائم کے پیچیدہ مقدمے لڑنے اور اداروں میں تفتیش کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔