ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو الگ الگ سینٹرل کٹریکٹس دینے کا فیصلہ
پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے جس میں متعدد معاملات زیر غور آئیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعرات کو ہوگا جس میں متعدد معاملات بشمول بورڈ کے مالی بجٹ، تنخواہوں میں اضافہ، پاکستان جونیئر لیگ اور بہت سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کی سربراہی میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہونے والے اجلاس میں نئے مالی سال کا مجوزہ بجٹ طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لیے 30 فیصد انکریمنٹ پر بھی بات ہوگی جبکہ بورڈ ریڈ اور وائٹ بال کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے الگ الگ زمرے بھی تفویض کرے گا۔
Advertisement
اجلاس میں رواں سال شروع ہونے والے پاکستان جونیئر لیگ پر بھی بات چیت کی جائے گی جبکہ جونیئر لیگ میں صرف 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کو ہی شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان جونیئر لیگ کے لیے فرنچائز فیس تقریباً 140 ملین روپے مقرر کی گئی تھی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی اور پی سی بی کی مسلسل بہتر ہوتی ہوئی ساکھ کے بعد ممکنہ اسپانسرز نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان جونیئر لیگ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پی سی بی باصلاحیت نوجوانوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرکے شاندار ماحول پیدا کرے جس کے نتیجے میں ہمارے بینچ کی طاقت کو تقویت ملے گی اور نئے قومی اسٹارز اور ہیروز پیدا ہوں گے۔