امریکہ کے یومِ آزادی پر روس کے صدر پیوٹن نے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو مبارکباد دینے سے انکار کردیا۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان پیسکوف کا کہنا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو 4 جولائی امریکی یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد نہیں دیں گے۔
اس ضمن میں روسی ترجمان کا کہنا ہے کہ روس کے حوالے سے امریکہ کی غیر دوستانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس سال مبارکباد کا پیغام دینا مناسب نہیں جبکہ روس کے خلاف پابندیاں لگانے کی کوششوں کی بھی قیادت کی ہے۔
خیال رہے، فروری میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ نے یوکرین میں روس کی جنگ کی مخالفت کی اور یوکرینی افواج کو ہتھیار مہیا کرتے ہوئے یوکرینی افواج کوفوجی تربیت دینے میں مدد کی ہے۔
عالمی طاقتوں کے مابین تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔ امریکا کی جانب سے روس پر سخت اقتصادی پابندیوں کا نفاذ بھی کیا گیا ہے جبکہ روس کے بیشتر غیر ملکی اثاثے منجمد ہوچکے ہیں۔ان اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں دنیا بھر کے ممالک کو معاشی بحران کا سامنا ہے اور تاحال اِن ممالک میں صورتحال بدتر ہے۔
Advertisement