یکم محرم کو اس سال سعودی عرب میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اس سال غلاف کعبہ دس ذی الحجہ عید الاضحی کو کلید بردار کعبہ کے سربراہ کے حوالے کیا جائے اور نیا غلاف یکم محرم کو پرانے کی جگہ چڑھایا جائے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سعودی قیادت کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے حوالے سے خدمات کا معیار بلند سے بلند تر ہوتا رہے۔ سعودی قیادت خانہ کعبہ سے خاص عقیدت رکھتی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان خانہ کعبہ سے غیر معمولی عقیدت رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت اس بات کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتی ہے
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ حرم شریف اور اس کے زائرین کا اعزاز و اکرام سعودی عرب کا فخر ہے۔
یاد رہے ، اس سے قبل غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحجہ کو اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب اندرون مملکت اور بیرونی دنیا سے حج پر آنے والے میدان عرفات میں وقوف کے لیے جمع ہوتے تھے اور مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی تھی۔
Advertisement