آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل سری لنکا کو بڑا جھٹکا
سری لنکا کے لیفٹ آرم اسپنر پراوین جے وکراما کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے گذشتہ روز پریس ریلیز جاری کی گئی جس کے مطابق پراوین جے وکراما کی طبیعت خرابی کی شکایت موصول ہوئی تھی جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق پراوین جے وکراما کو فوری طور پر دیگر کھلاڑیوں سے الگ کردیا گیا ہے اور وہ پانچ دن تک کمرے میں قرنطینہ میں ہی موجود رہیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن اسٹار آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں مقابلے سے باہر کردیا گیا تھا جبکہ ان کی جگہ اوشادا فرنینڈو کو بقیہ میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا۔
Advertisement
تاہم اب اینجلو میتھیوز کی 8 جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں واپسی کی امید ہے لیکن اب دیکھنا ہوگا کہ وہ میچ سے قبل صحتیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی تھی جبکہ انہیں سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا اس وقت 77.78 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ سری لنکا 47.62 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔