مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تیز رفتار بس سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی لاپروائی کے باعث پیش آیا ہے۔
مصری حکام کے مطابق ملک کے جنوبی صوبے المنیا کے قریب تیز رفتاری کے سبب پیش آنے والے اس بس حادثے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو المنیا کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ المنیا دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 220 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق المنیا کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ہائی وے پر ایک تیز رفتار مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے کنارے ٹرک کے ٹائر تبدیل کیے جا رہے تھے۔
Advertisement
خیال رہے کہ مصر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں جانیں کھو بیٹھتے ہیں۔ یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔